محرم الحرام کے دوران طبی و ایمرجنسی سہولیات کے انتظامات کا جائزہ، سی ای او ہیلتھ اور ریسکیو 1122 کا تریٹ کا دورہ
سی ای او ہیلتھ ، ایم ایس جنرل ہسپتال ساملی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122کا تریٹ کا دورہ
راولپنڈی۔ 24 جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ ڈاکٹر اظہر عباسی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر کامران رشید نے تریٹ کا دورہ کر کے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو فراہم کی جانے والی طبی اور ایمرجنسی سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
بدھ کو دورے کے دوران مجوزہ میڈیکل کیمپس، فرسٹ ایڈ پوائنٹس، ایمبولینس کور، ایمرجنسی رسپانس پلان اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ عزاداروں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لیے میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں گے جبکہ ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز، تربیت یافتہ ریسکیورز اور ضروری طبی سامان کو ہائی الرٹ رکھا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر کامران رشید نے کہا کہ ریسکیو 1122 مری محرم الحرام کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور تمام ایمرجنسی ریسورسز ہمہ وقت دستیاب رہیں گے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اظہر عباسی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 باہمی تعاون سے عزاداروں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عوامی خدمت اور ایمرجنسی رسپانس کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔









