پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلق ہے ،ترکیہ کے سفیر مہمت پچاچی کا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے مشترکہ سمر کیمپ کی اختتامی تقریب سے خطاب

126

اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):پاکستان میں ترکیہ کے سفیر پروفیسر ڈاکٹر مہمت پچاچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلق ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی نئی نسلیں اس تعلق کو مزید مضبوط کریں۔وہ گزشتہ روز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے مشترکہ سمر کیمپ کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ترک سفیر کا کہنا تھا کہ سمر کیمپ جیسی سرگرمیوں سے دونوں ممالک کی نئی نسل ایک دوسرے کے قریب آئے گی جو تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گی۔سمر کیمپ کے انعقاد پر ترک سفیر نے یونیورسٹی اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر نے کہا کہ ہم پاکستانی ترکیہ کو اور ترکیہ والے پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، ترکیہ کے بچے اردو اور پاکستانی بچے ترکش زبان سیکھنے کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاریخ، تہذیت و ثقافت میں مماثلت پائی جاتی ہے، دونوں ممالک کے پرچموں میں چاند ستارہ ہمارے ایک ہونے کی دلیل ہے۔ڈاکٹر ساحر نے کہا کہ میں پاکستانی بچوں کو ترکش زبان کی تربیت فراہم کرنے والے اساتذہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کے دلی تعلق کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ترکیہ کی زبان و ثقافت کو سمجھنے اور سیکھنے کے اس عمل کو جاری رکھیں۔ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنیشل کولبریشن اینڈ ایکسچینج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ 10 دنوں میں 5 تا 13 سال کے 34 بچوں کو ترکش زبان، خطاطی اور تیر اندازی سکھائی گئی، ترکیہ کا روایتی کھیل منگالہ بھی سکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے سکردو اور گلگت میں بھی سمر کیمپ کا انعقاد کریں گے۔

یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خلیل طوقار نے کہا کہ ہم ترک لوگ پاکستانیوں سے بہت محبت کرتے ہیں اور اس محبت کو نئی نسل کو منتقل کرنے کے لئے ہم پاکستان کی تعلیمی اداروں میں اس طرح کی تقاریب کا انعقاد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی میں یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے تحت پاکستانی بچوں کو ترکی زبان و ادب اور ثقافت سے آگاہ کر رہے ہیں۔بچوں نے ترک زبان میں 2 گانے گائے اور ملانصیرالدین کے دو لطیفے سنائے۔تقریب میں بچوں سمیت والدین اور یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران بھی شریک تھے۔