پاکستان اور ترکی کو وبائی امراض سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون جاری رکھنا چاہیے، وزیر اعظم شہباز شریف

169

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ترکی کے وزیر صحت ڈاکٹر فرحتین گوجا نے جمعرات کو انقرہ میں ملاقات کی۔ وزیر آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان صحت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے گزشتہ دو دہائیوں میں ترکی میں صحت کے نظام کو تبدیل کرنے پر صدر رجب طیب اردوان کو سراہتے ہوئے ترکی کی طرف سے پاکستان میں صحت کے شعبے خصوصاً صحت کی خدمات، ادویات سازی، ڈیجیٹل صحت و تربیت اور طبی پیشہ ور افراد کی استعداد کار میں اضافے کےلئے اٹھائے گئے مشترکہ اقدامات کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے2005 کے زلزلہ اور 2010 کے سیلاب کے دوران ترکی کی مخلصانہ مدد کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان میں ہولناک سیلاب کے بعد مظفر گڑھ میں رجب طیب اردوان ہسپتال کے قیام کو خاص طور پر سراہا۔

وزیر اعظم نے ترکی کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے قابل ستائش اقدام پر ترکی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو وبائی امراض سے پیدا ہونے والے صحت اور معاشی چیلنجوں سے نمٹنے اور ویکسین کی تیاری میں تعاون کو جاری رکھنا چاہیے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صحت سے متعلق ترکی۔پاکستان جوائنٹ ورکنگ گروپ کو دو طرفہ صحت تعاون کے مختلف پہلووں پر مفصل بات چیت کرنے کے ساتھ ساتھ پیتھالوجی لیبز کے قیام، پاکستان کڈنی لیور انسٹی ٹیوٹ کے بہتر کام کاج اور آٹوموبائل ایمبولینسز سمیت مختلف اقدامات پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔ ترکی کے وزیر صحت نے طبی آلات اور دواسازی کی تیاری، صحت کی سیاحت اور کوالٹی کنٹرول سمیت صحت کے شعبے کے مختلف پہلووں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی وزارت صحت کی ایک ٹیم مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ترکی کے وزیر صحت نے کہا کہ رواں سال اکتوبر میں پاکستان میں ”پاک میڈیکا ایکسپو اینڈ بزنس فورم“ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صحت کے مشترکہ ورکنگ گروپ کے ذریعے متفقہ شعبوں میں تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔