میڈیا سی پیک کے حوالے سے جعلی خبروں کو جگہ نہ دے، سپیکر قومی اسمبلی کا سی پیک میڈیا فورم سے خطاب

اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان 71 سالہ سٹرٹیجک تعلقات ہیں، پاکستان اور چین مشکل حالات کے دوست ہیں،ذوالفقار علی بھٹو چین پاکستان تعلقات کے معمار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاک چائنا سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے دورے کئے، مارچ 2013 میں گوادر پورٹ کو چین کے تعاون سے آپریشنلائز کیا گیا، سی پیک کے ذریعے انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح کے درجنوں منصوبے مکمل کئے گئے،

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ، افریقہ اور یورپ کے ساتھ رابطہ کاری کیلئے گوادر پورٹ اہم ہے،پاکستان کی پارلیمان سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے دلچسپی لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اس حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہے، بالخصوص بلوچستان اور بالعموم پورے میں سی پیک منصوبوں کے ذریعے خوشحالی آئے گی، سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے پروپیگنڈہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کی بھی ذمہ داری وہ سی پیک کے حوالے سے جعلی خبروں کو جگہ نہ دے،دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ کو ایک دوسرے سے مثبت خبروں کا تبادلہ کرنا چاہیےتاکہ سی پیک کے حوالے سے غلط خبروں اور پروپیگنڈوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سی پیک ایک فلیگ شپ منصوبہ ہےاور موجودہ حکومت نے ان کو اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔