پونچھ ڈویژن اور راولاکوٹ کے عوام کی پاکستان سے محبت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انجینئر امیر مقام

پونچھ ڈویژن اور راولاکوٹ کے عوام کی پاکستان سے محبت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انجینئر امیر مقام

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پونچھ ڈویژن اور راولاکوٹ کے عوام کی پاکستان سے محبت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،پونچھ ڈویژن کی پاکستان اور کشمیر کے لیے قربانیوں کی ایک روشن تاریخ ہے،سپاہی مقبول نے زبان کٹوانے کے باوجود پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند رکھا۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سپاہی مقبول نے اپنے خون سے کشمیریوں کی بے مثال وفاداری ثابت کی،پاکستان سے محبت کی خاطر پونچھ راولاکوٹ کے لوگوں نے اپنی کھالیں کھنچوائیں۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ چند افراد کے طرز عمل کو بنیاد بنا کر پورے پونچھ ڈویژن یا کسی خطے کو تنقید کا نشانہ بنانا ناانصافی ہے،آزاد کشمیر کے پہلے صدر سردار ابراہیم خان نے سرینگر میں بھارتی افواج کی موجودگی کے باوجود قرارداد الحاق پاکستان پیش کر کے تاریخ ساز کردار ادا کیا۔امیر مقام نے کہا کہ پونچھ کے عوام کی پاکستان سے محبت، قربانیوں اور جدوجہد کی ایک درخشاں تاریخ ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا،چند مخصوص ذہنیت رکھنے والے عناصر کی وجہ سے کسی علاقے، شہر یا عوام کی حب الوطنی پر سوال اٹھانا ہرگز مناسب نہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ چند افراد کی سوچ کو کسی علاقے یا ڈویژن کے عوام سے منسوب نہیں کیا جا سکتا،پاکستان مخالف یا کشمیر مخالف بیانیہ کسی مخصوص علاقے نہیں بلکہ مخصوص ذہنیت کی نمائندگی کرتا ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ راولاکوٹ، پونچھ اور آزاد کشمیر کے عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ وفاداری اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا،عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے شدہ عوامی ریلیف اقدامات برقرار ہیں، حکومت اپنے وعدوں کی پابند ہے،بجلی اور آٹے سمیت عوامی ریلیف سے متعلق معاہدوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ 38 نکات پر مشتمل عوامی ریلیف پیکیج کے فوائد آئندہ بھی جاری رہیں گے،مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹوں کے لیے غیرمعمولی دلچسپی دیکھی گئی، کئی حلقوں میں درجنوں امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں۔امیر مقام نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ میرٹ اور انتخابی حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے،ٹکٹ نہ ملنے والے رہنما بھی مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہیں، ناراض رہنمائوں سے رابطے جاری ہیں، پارٹی اتحاد اور نظم و ضبط کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن امیدوار نہیں بلکہ جماعت اور انتخابی نشان کو سامنے رکھ کر مہم چلائیں،آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں موجود ہے،کارکنان اور رہنما پارٹی مفاد کو ذاتی خواہشات پر ترجیح دیں۔