اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے عوام دوستی اور محبت کے لازوال رشتے سے جڑے ہوئے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم عمران خان کے آپس میں گہرے تعلقات ہیں، دونوں رہنما مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ترکی کی 98 ویں سالگرہ کے موقع پر ترک سفارت خانہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ترکی کے قومی دن کے موقع پر اپنے ترک بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں پاک ترک تعلقات کو نئی جہت ملی ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی اور محبت کا لازوال رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ترکی کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی بھی موجود تھے۔