پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے، سفیر

پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شیوئیچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پیشہ ورانہ تربیت

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شیوئیچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پیشہ ورانہ تربیت، جدید مہارتوں اور تجربات کے تبادلے کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جاپان اپنے کامیاب ورک کلچر، نظم و ضبط، معیار اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تجربات پاکستان کے ساتھ بانٹنے کو اہمیت دیتا ہے، ایسے اقدامات دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کے ساتھ پاکستانی اداروں کی استعداد کار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں قائم جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کے زیر اہتمام جاپانی ورک پلیس ایکسیلنس پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس پروگرام کا انعقاد جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر، پاکستان جاپان بزنس فورم اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔ تقریب سے پاکستان جاپان بزنس فورم کے چیئرمین مرتضیٰ وائی منڈوی والا اور وائس چیئرمین سید فیروز عالم شاہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، تجارتی و پیشہ ورانہ روابط مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجربات، مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جاپانی ورک کلچر اور انتظامی مہارتوں سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستانی اداروں کی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ تقریب میں پروگرام کی کامیاب تکمیل پر شرکا کو مبارکباد پیش کی گئی جبکہ جاپانی طرز کار، وقت کی پابندی، نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مسلسل بہتری کے اصولوں کو پاکستانی اداروں میں فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر جاپانی ورک کلچر اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے متعلق ایک کتاب کی رونمائی بھی کی گئی۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد شرکا کو جاپانی ورک کلچر اور جدید انتظامی اصولوں سے روشناس کرانا اور اداروں میں معیار، پیداواری صلاحیت اور پیشہ ورانہ کارکردگی بہتر بنانے کے طریقوں سے آگاہ کرنا تھا۔ ورکشاپ کے ریسورس پرسن پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف کوالٹی کنٹرول "پی آئی کیو سی”کے ڈاکٹر کامران موسیٰ تھے جنہوں نے شرکا کو جاپانی ورک پلیس مینجمنٹ، معیار کی بہتری، موثر منصوبہ بندی، نظم و ضبط اور کام کے منظم طریقہ کار کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے عملی مثالوں کے ذریعے واضح کیا کہ اداروں میں بہترین نتائج کے حصول کے لیے مسلسل بہتری، اجتماعی ذمہ داری، موثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ رویوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی ڈائریکٹر ڈاکٹر صائمہ ناصر نے کہا کہ اداروں کی ترقی اور کامیابی کے لیے معیار کو ادارہ جاتی ثقافت کا لازمی حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپانی ورک کلچر اپنے نظم و ضبط، وقت کی پابندی، ٹیم ورک اور مسلسل بہتری کے اصولوں کی بدولت دنیا بھر میں ایک قابل تقلید مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اداروں میں معیار، شفافیت اور مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر صائمہ ناصر نے جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر، پاکستان جاپان بزنس فورم اور پروگرام کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں