پاکستان اور جاپان کے درمیان مخصوص ہنرمند کارکنوں کے حوالے سے تعاون کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان نے مخصوص ہنرمند کارکنوں کے حوالے سے تعاون کی یادداشت پر دستخط کئے جس کا مقصد ہنرمند پاکستانی کارکنوں کو جاپان میں 14 مخصوص شعبوں میں ملازمت حاصل کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ بیورو آف امیگریشن کے ایک بیان کے مطابق جاپان میں ملازمت کے خواہشمند افراد کو متعلقہ شعبہ میں ہنر کا امتحان اور جاپانی بنیادی زبان کا امتحان پاس کرنا ہو گا جن کی تفصیلات بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی ویب سائٹ لنک پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ پاکستان ان 11 ممالک میں شامل ہے جہاں سے جاپان اگلے پانچ سالوں میں تین لاکھ 40 ہزار ہنرمند کارکنوں کی خدمات حاصل کرنے کا خواہاں ہے تاہم یہ واضح رہے کہ اس سلسلہ میں کسی ملک کو کوئی مخصوص کوٹہ نہیں دیا گیا ہے۔ بیورو آف امیگریشن نے کہا ہے کہ خواہشمند افراد سے گزارش ہے کہ جاپان اور دیگر بیرون ملک روزگار کے مواقع کی بیورو کی ویب سائٹ سے تصدیق کئے بغیر کسی کو کوئی رقم ادا نہ کریں ۔