پاکستان اور جرمنی کے درمیان 2025 کے دو طرفہ ترقیاتی تعاون سے متعلق مذاکرات کامیابی سے اختتام پذیر،باہمی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):حکومتِ پاکستان اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کی حکومت کے درمیان 2025 کے دو طرفہ ترقیاتی تعاون سے متعلق مذاکرات بدھ کو اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔ مذاکرات کی مشترکہ صدارت سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اورجرمنی کی وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے کی۔ اس موقع پر جرمنی کی سفیر اینا لیپل اور جرمنی …

اسلام آباد۔5نومبر (اے پی پی):حکومتِ پاکستان اور وفاقی جمہوریہ جرمنی کی حکومت کے درمیان 2025 کے دو طرفہ ترقیاتی تعاون سے متعلق مذاکرات بدھ کو اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔ مذاکرات کی مشترکہ صدارت سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اورجرمنی کی وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے کی۔ اس موقع پر جرمنی کی سفیر اینا لیپل اور جرمنی میں پاکستان کی سفیر ثقلین سیدہ بھی موجود تھیں۔

جرمنی نے مالی اور تکنیکی تعاون کی مد میں 2025-26 کے لیے 114 ملین یورو کے نئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جو کلیدی شعبوں ، ماحولیاتی تحفظ و توانائی، پائیدار اقتصادی ترقی و فنی تربیت اور سماجی تحفظ پر مرکوز ہوگا۔سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے وفاقی جمہوریہ جرمنی کی حکومت کے پاکستان کے ترقیاتی سفر میں مسلسل اور قیمتی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں، روزگار کے مواقع میں اضافے اور سماجی تحفظ کے نظام کے استحکام میں جرمنی کے کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ تعاون پاکستان کے اقتصادی تبدیلی کے منصوبے’’اُڑان پاکستان‘‘سے ہم آہنگ ہونا چاہیے۔

کرسٹین ٹوئٹسکے نے پاکستان میں اصلاحات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی، اقتصادی استحکام اور سماجی شمولیت کے چیلنجز سے نمٹنے میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے پاکستان اور جرمنی کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پائیدار ترقی، اچھی حکمرانی اور عوامی فلاح کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیتا رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے 2025 کے پاکستان-جرمنی دو طرفہ ترقیاتی تعاون مذاکرات کی دستاویز پر دستخط کیے جس سے نئی مالی معاونت کی باضابطہ توثیق ہوئی اور باہمی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان-جرمنی ماحولیاتی و توانائی شراکت داری کے تحت تعاون کو بڑھانے، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور نوجوانوں کے روزگار کے مواقع میں بہتری اور سماجی تحفظ و قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے کے لیے شراکت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور 2027 میں برلن میں منعقد ہوگا۔