گلیات آنے والے سیاحوں کی سہولت، رہنمائی اور حفاظت کے لئے خصوصی آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری
گلیات آنے والے سیاحوں کی سہولت، رہنمائی اور حفاظت کے لئے خصوصی آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری

مزید خبریں
ایبٹ آباد۔ 13 ستمبر (اے پی پی):گلیات آنے والے سیاحوں کی سہولت، رہنمائی اور حفاظت کے لئے خصوصی آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام پشاور کے صحافیوں کو ٹورازم فیسیلٹیشن سنٹر ایبٹ آباد میں بریفننگ دی گئی۔ اس موقع پر کلچر اینڈ ٹورازم آفیسر صائمہ عمران نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس مہم کے دوران ٹورازم پولیس اور ریسکیو 1122کے اہلکاروں نے سیاحوں کو معلومات کی فراہمی، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مجموعی طور پر رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا اور سیاحوں میں تحریری مواد بھی تقسیم کیا گیا ۔
صائمہ عمران نے بتایا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت ملک عدیل، سیکرٹری سیاحت سعادت حسن اور ڈی جی خیبرپختونخوا شاہد خان کی ہدایت پر سیاحتی مقامات پر دریاؤں اور ندی نالوں میں سیاحوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے پر توجہ دی گئی ہے تاکہ سوات سیف اللہ جھیل اور ناران دریائے کنہار سمیت دیگر سیاحتی علاقوں میں افسوس ناک واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ مون سون کے موسم میں شدید بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کی پیش گوئی ہے۔
اس حوالے سے سیاحوں میں شعور اجاگر کیا جارہا ہے کہ وہ تیز پانی کے بہاؤ میں نہ جائیں بہت سے واقعات ایسے رونما ہوئے ہیں جن میں سیاح تصویریں، سیلفی اور ٹک ٹاک بناتے ہوئے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کئی مقامات ایسے ہیں جہاں محکمہ سیاحت، ٹورازم پولیس اور ریسکیو1122 کا عملہ موجود نہیں ہے وہاں بھی لوگ اس موسم میں احتیاط برتیں تاکہ قیمتی انسانی جانیں محفوظ رہ سکیں۔







