سپارکو کے زیر اہتمام ملک بھر میں عالمی خلائی ہفتہ 2026 منایا جائے گا

سپارکو کے زیر اہتمام ملک بھر میں عالمی خلائی ہفتہ 2026 منایا جائے گا

اسلام آباد۔13ستمبر (اے پی پی):پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے زیر اہتمام 4 تا 10 اکتوبر کے دوران ملک بھر میں عالمی خلائی ہفتہ (ڈبلیو ایس ڈبلیو )2026 منایا جائے گا۔ رواں سال کے عالمی موضوع "راکٹ انقلاب”کے تحت مختلف تعلیمی اور عوامی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ مرکزی خیال راکٹ ٹیکنالوجی میں تیزی سے ہونے والی پیش رفت اور خلائی تحقیق کے مستقبل کو تشکیل دینے میں اس کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ عالمی خلائی ہفتے کے لیے پاکستان قومی کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے، سپارکو طلبہ، اساتذہ، خلائی امور کے شائقین اور عام عوام میں خلائی سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے ملک گیر سرگرمیوں کی قیادت کرے گا۔

تقریبات میں قومی سطح کے مقابلے اور تعلیمی سرگرمیاں شامل ہوں گی، جن میں ‘بہترین خلائی اسکول’ کا مقابلہ، ‘اسپیس ایمبیسیڈر’ (خلائی سفیر) کا مقابلہ، اور کامک بک ڈیزائن، ‘اپنا راکٹ ڈیزائن کریں’ اور ایسٹرو فوٹوگرافی (فلکیاتی عکاسی) کے عوامی مقابلے شامل ہیں۔سپارکو نے ملک بھر میں اپنے مختلف مراکز پر سرگرمیوں کا ایک متنوع پروگرام بھی ترتیب دیا ہے۔کراچی میں RESOLVE South’ کے اشتراک سے "گہری خلا کے مشنز اور تحقیق کے لیے خلائی راکٹس کا ارتقاء” اور "خلائی مشنز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، روبوٹکس اور جی این ایس ایس نیویگیشن سسٹمز کا کردار” کے موضوعات پر سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔

لاہور میں سیٹلائٹ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹر میں اساتذہ کے تربیتی سیشن اور "اپنا راکٹ ڈیزائن اور تھری ڈی پرنٹ کریں” کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔اسپیس ایپلی کیشنز اینڈ ریسرچ سینٹر (SPARC-گلگت بلتستان) میں راکٹس کے ارتقاء پر سکولوں کے مابین پوسٹر مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں قدیم دور میں آگ کے استعمال اور ‘اسپیس ریس’ (خلائی دوڑ) سے لے کر ‘اسپیس شٹل’ کے دور اور آج کے دوبارہ قابلِ استعمال راکٹس تک کے سفر کا احاطہ کیا جائے گا۔’موبائل اسپیس وین’ اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے سکولوں میں موضوعاتی تعلیمی سرگرمیاں کرے گی۔

یونیورسٹی کی سطح پر، ‘RESOLVE کراچی’ کی جانب سے "راکٹ سسٹم ڈیزائن اور مستقبل کے چیلنجز” کے موضوع پر ایک جدید خیالات پر مبنی یونیورسٹی مقابلہ منعقد کیا جائے گا، جبکہ ‘RESOLVE UET’ کی جانب سے "اسپیس ٹیک چیلنج 2026: سیٹلائٹ ڈیزائن اینڈ بلڈ ہیکاتھون” کا انعقاد کیا جائے گا۔

باچا خان یونیورسٹی، چارسدہ اور عبدالولی خان یونیورسٹی، مردان میں بھی لیکچرز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تقریبات کے لیے، سپارکو کی اسپیس ایجوکیشن اینڈ اویئرنس ڈرائیو ویبنرز اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کی ایک سیریز کا اہتمام کرے گی۔ورلڈ سپیس ویک 2026 کے ذریعے، سپارکو کا مقصد پاکستان بھر کے طلباء، معلمین اور خلائی شوقین افراد کو خلائی سائنس اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے منسلک ہونے کے مواقع فراہم کرنا اور سائنسدانوں، انجینئرز اور اختراع کاروں کی مستقبل کی افرادی قوت کو ملک کے بڑھتے ہوئے خلائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دینا ہے۔