اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی)پاکستان اور خلیج تعاون کونسل(جی سی سی)نے تجارتی تعلقات مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے بدھ کو سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہاشم بن صدیقی اور جی سی سی کے سیکرٹری جنرل عبدالطیف بن راشد الزیانی کے مابین ریاض میں ملاقات کے دوران پا یا گیا۔دونوں فریقوں نے آئندہ مہینوں میں تمام شعبوں میں پاک جی سی سی تعلقات بڑھانے کی غرض سے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نے جی سی سی سیکرٹریٹ ریاض میں سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی۔جی سی سی سیکرٹری جنرل نے پاکستان کیساتھ تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستان جی سی سی تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔انہوں نے پاک جی سی سی ازادانہ تجارتی معاہدے کیلئے پاکستان کیساتھ بات چیت بحال کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔سفیر ہاشم خان نے سیکرٹری جنرل جی سی سی کو پاکستانی معیشت اور علاقائی روابط کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے سی پیک کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔