پاکستان اور روس کے درمیان آفات سے نمٹنے، سرچ اینڈ ریسکیو اور صلاحیتی دائرہ کار کے اضافے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور روس کا آفات سے نمٹنے اور سرچ اینڈ ریسکیو تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):پاکستان اور روس کے درمیان آفات سے نمٹنے، سرچ اینڈ ریسکیو اور صلاحیتی دائرہ کار کے اضافے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔بدھ کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)سے جاری بیان کے مطابق روسی دفاعی وفد نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔

روس کے ڈپٹی چیف نیشنل ڈیفنس مینجمنٹ سینٹر لیفٹیننٹ جنرل اسکوسکوف اولیگ ایوانوچ کی سربراہی میں وفد کو این ڈی ایم اے دورہ کرنے پر این ڈی ایم اے حکام نے آفات سے نمٹنے، پیشگی آگاہی کے نظام اور بروقت اقدامات پر بریفنگ دی۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے دو طرفہ تعاون اور تجربات کے تبادلہ کی اہمیت پر زور دیا۔وفد کو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار، پیشگی انتباہی نظام اور قومی وسائل کے موثر استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر پاکستان اور روس کے درمیان آفات سے نمٹنے، سرچ اینڈ ریسکیو اور صلاحیتی دائرہ کار کے اضافے کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وفد کو ’’2026کے دوران پاکستان اور دیگر ممالک کو درپیش خطرات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔دونوں ممالک نے علاقائی خطرات کی تشخیص اور تدارک اور گلوبل ڈیزاسٹر ریسورس نیٹ ورک کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔وفد نے پاکستان کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر اور آفات سے نمٹنے کیلئے جدید نظام کو سراہا۔روسی وفد کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مل کر آفات سے بچائو اور عملی اقدامات کو موثر بنانے کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔