اسلام آباد۔25ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری علاقائی امن و استحکام کے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم پر مبنی ہے،ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر ہم سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب کے قومی دن کی تقریبات کا حصہ بننا میرے لئے باعث مسرت ہے،سینیٹ اور پاکستانی عوام کی طرف سے میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، شاہی خاندان کے تمام افراد اور سعودی قوم کو قومی دن کی بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔چیئرمین سینیٹ نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا اس پروقار تقریب کیلئے دعوت پر شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان نہ صرف خوشگوار تعلقات ہیں بلکہ ایک ایسا بندھن ہے جو سیاسی اور سفارتی دائرہ کار سے بالاتر ہے۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ہماری شراکت داری علاقائی امن اور استحکام کے لئے ہمارے غیر متزلزل عزم پر مبنی ہے،ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر ہم سعودی عرب کے شکرگزار ہیں،ہمیں اپنے حقوق اور اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے،اس سلسلے میں ترقی تب ہی ممکن ہے جب قومیں تعاون کی فضا کو فروغ دینے کیلئے مخلصانہ اور پرعزم اقدامات کریں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے خطے کے ممالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے جو اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں،سفارتکاری، بات چیت اور باہمی احترام وہ بنیادیں ہیں جن پر پائیدار امن قائم ہوتا ہے،خطے کی ترقی کیلئے سعودی عرب کی کوششیں تجارت، ثقافتی تبادلے، مشترکہ اقدامات اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہی کوششوں سے نہ صرف خطہ بلکہ پوری دنیا ترقی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور خطے میں ترقی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے پیچھے شہزادہ محمد بن سلمان کی وژنری لیڈر شپ ہے،محمد بن سلمان کے قیادت میں سعودی عرب مزید ترقی کررہا ہے اور مستقبل میں مزید ترقی کرے گا،نیوم سٹی کا عظیم الشان وژن، ٹیکنالوجی اور پائیدار زندگی کا حصول، اس نمایاں سوچ کی بہترین علامت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چاہے مسک فاؤنڈیشن ہو، جدید ترین ای-اسپورٹس حکمت عملی ہو، یا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے گہری ماحولیاتی کوششیں، ولی عہد کا وژن جامع ہے جوجدید معاشرے کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے۔