پاکستان اور صومالیہ کے درمیان ثقافت کلچر اور آئینی ارتقا سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ

پاکستان اور صومالیہ کے درمیان ثقافت کلچر اور آئینی ارتقا سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور صومالیہ کے درمیان ثقافت کلچر اور آئینی ارتقا سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔پاکستان صومالیہ کو تمام شعبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں صومالیہ کے پندرہ رکنی وزارتی وفد کے اعزاز میں ثقافتی شو سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ثقافتی شو میں آمد پر معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں ۔پاکستان کی ثقافت اور کلچر6رنگوں پر مشتمل ہے جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے رنگ شامل ہیں۔ اس ثقافتی شو میں یہ تمام رنگ پیش کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو این ڈی پی کے شکرگزار ہیں جنہوں نے صومالیہ کے اس وزارتی مطالعاتی دورہ کو یقینی بنایا اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور صومالیہ کے درمیان مضبوط ثقافتی رشتے موجود ہیں۔

قومیں ایک دوسرے سے سیکھتی ہیں اور اس میں کلچر کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا مستقبل میں صومالیہ کو ان کے مسائل کے حل کیلئے بہترین معاونت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے سے ثقافتی انتظامی اور وفاقی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون حاصل کر سکتے ہیں۔ ہم مختلف شعبوں میں ایک دوسروں کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں1973 کا آئین اور اٹھارویں ترمیم بڑا کارنامہ ہے ۔ ہم وفاق اور صوبوں کے درمیان مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ صومالیہ کے وزیر داخلہ احمد معلم فقہی احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ثقافتی شو میں بہترین پرفارمنس پیش کی گئی جس پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان کے دوران ان کی مختلف شعبوں کے حوالے سے بات چیت ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت کی خوبصورتی متنوع ہونا ہے دونوں ممالک کی ثقافت اور کلچر میں یکسانیت ہے۔ ہم نے پاکستان کی ثقافت سے بہت کچھ سیکھا ہے انہوں نے کہا کہ صومالیہ مختلف ثقافتی کلچر اور روایات کا امین ہے۔

افریقی ممالک کے ثقافتی مقابلے میں صومالیہ پہلے نمبر پر رہا ہے۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے بھی شرکت کی۔ثقافتی شو کے دوران فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔