پاکستان اور عمران خان لازم و ملزوم ہیں، استعفٰی کا مطالبہ کرنے والے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

لاہور۔21 اکتوبر(اے پی پی ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمران خان لازم و ملزوم ہیں،ان کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت سمجھتی ہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے اور اس کمیٹی میں بیٹھے سیاستدانوں کی ڈوریاں جیل میں بیٹھے سزا …

لاہور۔21 اکتوبر(اے پی پی ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمران خان لازم و ملزوم ہیں،ان کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت سمجھتی ہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے اور اس کمیٹی میں بیٹھے سیاستدانوں کی ڈوریاں جیل میں بیٹھے سزا یافتہ قیدی چلا رہے ہیں، 27 اکتوبر یوم سیاہ کا دن ہے اس دن پوری قوم مظلوم و بے کس کشمیریوں کے بیانیے کو تقویت دینے کیلئے پرعزم ہے، احتجاج کرنا مولانا فضل الرحمن کا آئینی و جمہوری حق ہے تاہم حکومت عوام کو یرغمال نہیں بننے دے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی مخالفین کی گھر کو گھر کے ہی چراغ سے آگ لگانے کی خواہش پوری نہیں ہوگی اور انہیں مایوسی ہوگی ۔ وہ پیر کے روز پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر پاک فوج کی بروقت اور بھرپورکارروائی سے ثابت ہو گیا کہ ہم دفاع سے غافل نہیں۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ایک دفعہ پھر جھوٹے بے بنیاد پراپیگنڈے کو ملیا میٹ کر دیا اور اس جھوٹے بیانیے پر مہر ثبت کر دی جو بھارتی میڈیا کی طرف سے پراپیگنڈا اور کشمیر کے اندر کیمپوں کو تباہ کرنے کی صورت میں کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آپس میں اختلافات سیاسی بیانیے پر ہو سکتے ہیں لیکن قومی بیانیے پر ہم اکٹھے ہیں اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جوا ب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اس وقت سمجھ نہیں آ رہی کہ لاڑکانہ میں بھٹو کیسے مر گیا جس بھٹو کو زندہ رکھتے ہوئے وہاں کے عوام اور بچے بھوک سے دم توڑ رہے ہوں اور وہاں غربت ناچ رہی ہے امن و امان کی بدترین صورتحال ہے بیڈ گورنس کی داستانیں ہر ایک کی زبان پر ہیں لیکن بلاول بھٹو اپنی کوتاہیوں ناکامیوں اور بدانتظامیوں کو جانچنے کی بجائے وفاقی حکومت پر چڑھائی کرتے ہیں عمران خان کے ساتھ بغض پر مبنی ان کا بیانیہ اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے ہے ان کے پاس عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے کوئی دستاویز موجود نہیں اور جب وہ قانونی دفاع نہیں کر سکتے تو میڈیا میں عدالت لگا کر وزیراعظم کی کردار کشی اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی وقت وفاق کی پارٹی ہوتی تھی وہ آج کرپشن کی بدولت مولانا فضل الرحمن کے تانگے کے پائیدان کے ساتھ لٹکی نظر آ رہی ہے اور معصوم بچوں کو تانگے پر بیٹھا کر ملک کا امن خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ہم اس سے غافل نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے اور کمیٹی میں بیٹھے سیاستدانوں کی ڈوریاں کہیں اور سے جیل میں بیٹھے سزا یافتہ قیدی چلا رہے ہیں، جن کے بچے اپنے اوپر لگے الزامات کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کو آنے کو تیار نہیں وہ قوم کے بچوں کو اپنی ذاتی خواہشات کا ایندھن بنانا چاہتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 27اکتوبر یوم سیاہ ہے اس دن مظلوم کشمیریوں کے بیانیے کو تقویت دینے کیلئے پوری قوم پرعزم ہے اور اپوزیشن جب جب پاکستان کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی طرف قدم بڑھائے گی وزیراعظم اور زیادہ معاشی منزل کی طرف قدم بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حب میں وزیراعظم کی طرف سے 1320 میگاواٹ کے توانائی منصوبے کا افتتاح کیا گیا جو کہ وزیراعظم کے پسماندہ علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے عزم کا ثبوت ہے اور اس سے کم ترقی یافتہ علاقوں میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور جو انفراسٹرکچر روڈ نیٹ ورک اور سہولیات ترقی یافتہ علاقوں کو حاصل ہیں وہ بلوچستان کے علاقوں کو بھی فراہم کی جائیں گی۔