اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور فرانس کے مابین دو طرفہ دوستانہ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، فرانس میں 1لاکھ 25ہزار پاکستانی مقیم جبکہ ہزاروں طلبا و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے فرانس کے قومی دن پر سفارتخانے میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام یورپی ممالک سے دو طرفہ تعلقات کو اہمیت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،اسی طرح فرانس پاکستان میں معدنیات، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دفاعی پیداوا ر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے مابین تجارت، معیشت، تعلیم اور ثقافتی شعبوں میں باہمی تعاون روز بروز فروغ پا رہا ہے ، اس ضمن میں گزشتہ برس دونوں ملکوں کا دو طرفہ تعاون کے روڈ میپ پر اتفاق قابل ستائش ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فرانس کے قومی دن پر سفیر نیکولس گیلے اور دیگر شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تاریخی اعتبار سے شاندار روایات کے حامل فرانس کے عوام ترقی اور بہتری کیلئے بھی مستقل مزاج رویہ رکھتے ہیں۔اس موقع پر فرانس کے سفیر نیکولس گیلے نے پاکستان کے ساتھ تجارتی و دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے مہمان خصوصی عبدالعلیم خان سمیت فرانس کے قومی دن کی خوشیوں کی تقریب میں شامل ہونے والوں کو شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، سینیٹر شیریں رحمان اور سینیٹرسلیم مانڈوی والا، ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار، سابق وفاقی وزیر فواد حسن فواد اور اہم سیاسی شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔