پاکستان اور قازقستان کے درمیان باکسنگ کے شعبے میں تاریخی تعاون کا باقاعدہ آغاز
پاکستان اور قازقستان کے درمیان باکسنگ کے شعبے میں تاریخی تعاون کا باقاعدہ آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):پاکستان اور قازقستان کے درمیان باکسنگ کے شعبے میں تاریخی تعاون کا باقاعدہ آغاز ہو گیا جس کے تحت قازقستان کے دو کوچز ڈویلپمنٹ کلینک کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے جو پاکستانی کوچز اور باکسرز کو جدید سکلز اور ٹریننگ کرائیں گے۔ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر اعجاز تنگ نے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری میجر عرفان یونس کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس پروگرام کو پاکستانی باکسنگ کے مستقبل کے لئے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ۔
ناصر اعجاز تنگ نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے رواں سال پاکستان اور قازقستان کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں کے نتیجے میں یہ تعاون ممکن ہوا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں بالخصوص باکسنگ میں دوطرفہ روابط کو فروغ دینا اور نوجوانوں کے لئے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کے تحت پاکستانی باکسرز اور کوچز کو قازقستان کے عالمی شہرت یافتہ باکسنگ نظام سے سیکھنے، مشترکہ تربیتی پروگراموں میں شرکت کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا موقع ملے گا۔
ان معاہدوں نے ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے نئے دروازے کھول دیئے ہیں جبکہ پاکستانی باکسرز کو اعلیٰ معیار کے تربیتی ماحول، بین الاقوامی مقابلوں کی منظم تیاری اور عالمی سطح کے سپارنگ پارٹنرز کے ساتھ پریکٹس کے مواقع میسر آئیں گے جو عالمی کامیابی کے لئے انتہائی اہم ہیں۔
اس موقع پر قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لئے اپنے ملک کے مکمل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باکسنگ کی ایک شاندار روایت اور بے پناہ ٹیلنٹ کا حامل ملک ہے،ہم اپنے برادر ملک پاکستان کی اس ترقیاتی پروگرام کے ذریعے معاونت پر فخر محسوس کرتے ہیں، یہ منصوبہ نوجوان پاکستانی باکسرز کے لئے انتہائی اچھا ثابت ہوگا اور خطے میں باکسنگ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا،
یہ پروگرام پاکستانی باکسرز کی آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیاری میں مددگار ثابت ہوگا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی اور کھیلوں کے تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ قازقستانی کوچز کی آمد محض ایک تربیتی پروگرام نہیں بلکہ پاکستان باکسنگ کے لئے ایک نئے اور روشن باب کا آغاز ہے۔







