پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور فضائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور قازقستان نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت میں اضافے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ سے جاری بیان کے مطابق اس حوالے سے قازقستان کے نائب وزیراعظم سیرجان زومانگارین (Sirjan Zhomangarin) اور وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کے درمیان تیان شانگ فورم کے موقع پر الماتے میں ہونے والی ملاقات میں مختلف شعبوں میں …

الماتے ۔3نومبر (اے پی پی):پاکستان اور قازقستان نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت میں اضافے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ سے جاری بیان کے مطابق اس حوالے سے قازقستان کے نائب وزیراعظم سیرجان زومانگارین (Sirjan Zhomangarin) اور وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کے درمیان تیان شانگ فورم کے موقع پر الماتے میں ہونے والی ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے بزنس ٹو بزنس (B2B) روابط کے فروغ، نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور تجارت و سرمایہ کاری میں سہولت کے لیے بینکاری نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ای کامرس، ویئر ہائوسز کی تعمیر، ٹیکسٹائل اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ٹیکسٹائل کے شعبے میں مہارت حاصل ہے جبکہ قازقستان میں نسبتاً سستی توانائی پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش مواقع فراہم کر سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے فروری میں دورہ قازقستان کے دوران طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر جلد عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان معاہدوں کو عملی اقتصادی فوائد میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔اس موقع پر قازقستان کے نائب وزیراعظم نے پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ قازقستان کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پانچ سالہ روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 25 کروڑ آبادی پر مشتمل بڑی مارکیٹ قازقستان کے لیے اہم تجارتی مواقع رکھتی ہے جبکہ پاکستان قازقستان کے ذریعے وسیع یوریشیائی مارکیٹ تک رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

قازقستان کے نائب وزیراعظم نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ کاروباری سرگرمیوں، تجارت اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان کے وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کی تیاریوں سے متعلق اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ملاقات میں دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بہتر فضائی رابطوں، موجودہ معاہدوں پر موثر عملدرآمد اور نجی شعبے کی شمولیت کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے گا۔

مزید خبریں