جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں نویں بین الاقوامی کانفرنس آن اپلائیڈ زوآلوجی اختتام پذیر

جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں نویں بین الاقوامی کانفرنس آن اپلائیڈ زوآلوجی اختتام پذیر

فیصل آباد۔3نومبر (اے پی پی):گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں اپلائیڈ زوالوجی سوسائٹی آف پاکستان کے اشتراک سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس (ICAZ-2026) اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس میں 19 بین الاقوامی اور 36 پاکستانی جامعات کے سائنس دانوں، محققین، ماہرین تعلیم اور طلبہ نے شرکت کی۔ منگل کو کانفرنس کے آرگنائزیشن سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر اظہر رسول نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات تھے جبکہ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رئوف اعظم، وائس چانسلر چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ،میانوالی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم شیخ، پروفیسر ڈاکٹر فرحت جبین، پروفیسر ڈاکٹر طیبہ سلطانہ،پروفیسر ڈاکٹر سلمی سلطانہ، اساتذہ اور محققین بھی شریک ہوئے۔

کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں ماہرین نے تحقیق، اعلیٰ تعلیم اور بین الاقوامی علمی روابط کے فروغ کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیوں کو اہم قرار دیا۔ مقررین نے کہا کہ سائنسی تحقیق، علم کے تبادلے اور جدید تحقیقی طریقہ کار کے ذریعے مستقبل کے تحقیقی امکانات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔کانفرنس کے دوران حیاتیاتی تنوع، ماحولیاتی تحفظ، ماحولیاتی تبدیلیوں، قدرتی نظام کے توازن اور پائیدار ترقی کے لیے سائنسی تحقیق کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ ماہرین نے پاکستان کی تاریخ اور خدمات پر بھی گفتگو کی۔ کانفرنس میں مختلف جامعات سے آئے ہوئے محققین نے اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے اور سائنسی تحقیق کے نئے رجحانات اور امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔کانفرنس کے انعقاد کو علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور پاکستان کی جامعات کے درمیان تعاون کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

مزید خبریں