پاکستان اور قازقستان کے مابین بہترین معاشی تعلقات سے نہ صرف دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی بلکہ علاقے کی ترقی میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی،سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور

164

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین بہترین معاشی تعلقات سے نہ صرف دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی بلکہ علاقے کی ترقی میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قازقستان کے سفیر سے پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹرڈاکٹرزرقا نے کہا کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں، سینیٹ میں قازقستان، پاکستان دوستی گروپ موجود ہے،

جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مربوط بنایا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور قازقستان کے مابین بین الاقوامی سطح پر بھی بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے اکثر بین الاقوامی اور علاقائی امور پر یکساں موقف اختیار کیا ہے۔

سینیٹر ڈاکٹر زرقا نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سے استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ رابطہ کاری کے فروغ، دوطرفہ تعاون بڑھانے اور معاشی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں کوشاں ہے۔

انہوں نے سفیر سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون کے بروقت عوامی سطح پر روابط کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی۔ سفیر نے سینیٹر ڈاکٹر زرقا کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو معاشی مقاصد کے حصول اور عوامی رابطہ کاری کو بڑھانے کی خاطر وسعت دینے پر اتفاق کیا۔