اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین بہترین معاشی تعلقات سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی،معاشی و تجارتی روابط کے فروغ سے علاقائی ترقی میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی، پاکستان اور قزاخستان نے ہمیشہ بین الاقوامی اور علاقائی امور پر یکساں موقف اختیار کیا ہے۔ پیرکو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے قزاخستان کے سفیر یرژان کِسٹافن سے گفتگو میں کیاجنہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعاون، پارلیمانی و تجارتی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔محمد صادق سنجرانی نے قزاخستان کے سفیر کو پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال اور نقصانات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین بہترین معاشی تعلقات سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔معاشی و تجارتی روابط کے فروغ سے علاقائی ترقی میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی۔ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔
ایوان بالا میں قزاخستان ، پاکستان دوستی گروپ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوستی گروپ کے ذریعے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مربوط بنایا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور قزاخستان کے مابین بین الاقوامی فورمز کی سطح پر بھی بہترین تعلقات ہیں۔ پاکستان اور قزاخستان نے ہمیشہ بین الاقوامی اور علاقائی امور پر یکساں موقف اختیار کیا ہے۔پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سی پیک اور گوادر پاکستان کی ترقی کے ضامن ہیں۔ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سے استحکام آئے گا۔پاکستان وسطی اشیائی ممالک کے ساتھ رابطہ کاری کے فروغ کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں کوشاں ہے۔ ادارہ جاتی تعاون کی بدولت عوامی سطح پر روابط کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر قزاخستان کے سفیر نے کہاکہ قزاخستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کریں گے۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ بین الاقوامی فورم پر ایک دوسرے کے موقف کی حمائت کی ہے۔ پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔