کاشتکاروں کو میدانی علاقوں میں فصل خزاں کیلئے آلو کی سفید اقسام کی کاشت وسط ستمبر سے شروع کرنے کی ہدایت

فیصل آباد۔5ستمبر (اے پی پی):ایوب ریسرچ کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو میدانی علاقوں میں فصل خزاں کیلئے آلو کی سفید اقسام کی کاشت وسط ستمبر سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ کاشتکار میدانی علاقوں میں فصل خزاں کیلئے آلو کی سفید اقسام ڈایامنٹ، سانتے، بادشاہ، سلیمی، میلوڈی، چپس کیلئے استعمال ہونے والے آلو کی اقسام ہرمس، سٹرنا، لیٹونا، سرخ اقسام ایسٹر یکس، کروڈا، برنا،سمپلی ریڈوغیرہ کی کاشت 15 ستمبر سے شروع کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آلو پاکستان کی ایک اہم فصل ہے کیونکہ اس سے فی ایکڑ آمدنی اورغذائیت دوسری فصلوں سے زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کی بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اورگندم پردباؤ میں کمی لانے کیلئے آلوکی کاشت ازحد ضروری ہے۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب میں آلو کی 3فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں میدانی علاقوں میں اس کی 2فصلیں موسم بہاروموسم خزاں اورپہاڑی علاقوں میں ایک فصل موسم گرما میں کاشت ہوتی ہے۔