پاکستان اور قطر سائنس، ٹیکنالوجی ، زراعت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں،سینیٹر محمد اسحاق ڈار

دوحہ۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک سائنس، ٹیکنالوجی ، زراعت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ وزیرخزانہ نے یہ بات گزشتہ روز قطر کے وزیر خزانہ علی بن احمد الکواری سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر محمد جہانذیب اور قطر میں پاکستان کے سفیر محمداعجازبھی موجود تھے۔ وزیرخزانہ نے فٹ بال کے عالمی کپ کے کامیاب اختتام پر قطر کو مبارک باد دی ۔

وزیرخزانہ نے قطر کے وزیر خزانہ کو پاکستان میں گزشتہ مون سون میں ہونے والی شدید بارشوں اور بد ترین سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا اور انہیں حکومت کی جانب سے بحالی اور تعمیر نو کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات کاجائزہ لیاگیا۔ فریقین نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی ، مذہبی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں ۔ پاکستان اور قطر سائنس، ٹیکنالوجی ، زراعت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ وزیر خزانہ نے قطر کےوزیر خزانہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

دریں اثنا وزیر خزانہ نے قطر کے کیو ٹرمینلز کے وفد سے بھی ملاقات کی۔ کیو ٹرمینلز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نوائل باسیت وفد کی قیادت کررہے تھے۔ ملاقات میں لاجسٹک اور بندر گاہوں کے آپریشنز کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کاجائزہ لیاگیا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع ترامکانات موجود ہیں جن سے بھر پو راستفادہ کرناچاہیے۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت معیشت کی پائیدار نمو کے لئے اقدامات کررہی ہے اور اس مقصد کے لئے مختلف شعبوں میں اصلاحات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔