پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، عالمی امور پر پاکستان اور مصر کا یکساں موقف رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی مصر کے سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو

153
پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، عالمی امور پر پاکستان اور مصر کا یکساں موقف رہا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی مصر کے سفیر سے ملاقات کے دوران گفتگو

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے لوگ مذہبی، ثقافتی اور بھائی چارگی کے رشتوں سے جڑے ہیں، عالمی امور پر پاکستان اور مصر کا یکساں موقف رہا ہے، دونوں ممالک کے درمیان عظیم ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں ملاقات کے لئے آئے پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر طارق دروگ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں ڈرامہ، فلم، علاقائی و عالمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں پاکستان اور مصر کی فلموں اور ڈراموں کا ترجمہ کرنے کیلئے ڈبنگ سینٹرز کھولنے پر بھی اتفاق ہوا اور افغانستان کی صورتحال اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی امور پر پاکستان اور مصر کا یکساں موقف رہا ہے، افغانستان میں بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اس صورتحال میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ افغان عوام کی مدد کے لئے دنیا کو آگے آنا ہوگا، اس ضمن میں مصر بھی اپنا کردار ادا کرے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے دورہ چین کے دوران افغانستان کے مسئلہ پر بھی بات کریں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مصر کے سفیر نے کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے ملاقات کے لئے وقت فراہم کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا شکریہ ادا کیا۔