پاکستان اور مصر کے درمیان سالانہ دوطرفہ مشاورت کا دسواں دور 21 جولائی کو ورچوئل طور پر منعقد ہوا۔بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری (مشرق وسطیٰ) زاہد حسین نے کی جبکہ مصر کے وفد کی سربراہی ایشیائی امور کے اسسٹنٹ وزیر خارجہ سفیر عمرو حمزہ نے کی۔
پاکستان اور مصر کے درمیان سالانہ دوطرفہ مشاورت کا دسویں دور کا ورچوئل انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):پاکستان اور مصر کے درمیان سالانہ دوطرفہ مشاورت کا دسواں دور 21 جولائی کو ورچوئل طور پر منعقد ہوا۔بدھ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری (مشرق وسطیٰ) زاہد حسین نے کی جبکہ مصر کے وفد کی سربراہی ایشیائی امور کے اسسٹنٹ وزیر خارجہ سفیر عمرو حمزہ نے کی۔ مشاورت میں دونوں ممالک کی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی جن میں مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت اور پاکستان میں مصر کے سفیر ایہاب محمد عبدالحمید حسن بھی شامل تھے۔اس مشاورتی اجلاس نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے کا موقع فراہم کیا۔
دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور مصر کی قیادت کے درمیان اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر قریبی رابطہ اور ہم آہنگی دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے دوطرفہ شراکتی تعلقات کو مزید تقویت فراہم کر رہی ہے۔دونوں فریقین نے پاکستان اور مصر کے درمیان تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور موجودہ دوطرفہ تعاون کے مختلف طریقہ کار کے تحت ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔دونوں وفود نے اعلیٰ سطحی روابط اور تبادلوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون اور باہمی حمایت جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ان مشاورتی اجلاسوں نے پاکستان اور مصر کے درمیان گرمجوشی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کی۔ دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے باقاعدہ رابطے برقرار رکھنے اور سالانہ دوطرفہ مشاورت کا آئندہ دور باہمی طور پر طے شدہ موزوں تاریخوں پر قاہرہ میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔








