پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹی 20 اور دو ون ڈے میچوں کے لئے ٹکٹوں کی فروخت شروع

راولپنڈی۔11اپریل (اے پی پی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں شیڈول دو ٹی 20 اور دو ون ڈے میچوں کے لئے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گی ہے۔ شائقین کرکٹ pcb.bookme.pk پر پر لاگ ان ہو کر ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے ٹکٹوں کی قمیت کم رکھی ہے تاکہ راولپنڈی میں کرکٹ کے شائقین اپنے ستاروں کو ایکشن میں دیکھ سکیں ۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے آخری دو میچز کے ٹکٹوں کی قیمت پریمیم انکلوژرز (میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات) کے لئے 500 روپے اور وی آئی پی انکلوژرز (عمران خان، جاوید اختر، اظہر محمود) کے لئے 1000 روپے رکھی گئی ہے جبکہ تیسری منزل کی گیلری 3500 روپے میں دستیاب ہو گی ۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹی 20 میچ 20 اپریل جبکہ پانچواں اور آخری میچ 24 اپریل کو کھیلا جائے گا ۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 27 اور 29 اپریل کو ہونے والے پہلے دو ون ڈے میچوں میں پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ 300 روپے، وی آئی پی انکلوژرز کے 500 روپے اور تیسری منزل کی گیلری کے ٹکٹ 3000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔