اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کا ٹاس (دھند) خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہے، امپائرز اب میچ شروع ہونے سے قبل گراؤنڈ کا جائزہ لیں گے۔
دوسری جانب قومی ٹیم نے گزشتہ روز ہی پلئینگ الیون کا اعلان کردیا تھا، ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم،کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان ، سلمان علی آغا، ساجد خان، نعمان علی، خرم شہزاد اور ابرار احمد اور محمد ہریرہ شامل ہیں۔ نوجوان کرکٹر محمد ہریرہ آج جمعہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر اپنا ڈیبیو کریں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لئے سری لنکا کے رنجن مدوگالے کو آئی سی سی نے میچ ریفری مقرر کیا ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے راڈنی ٹکر اور انگلینڈ کے رچرڈ کیٹلبرو آن فیلڈ امپائرہوں گے جبکہ آسٹریلیا کے پال رائفل تھرڈ امپائر اور فیصل آفریدی فورتھ امپائر ہوں گے۔