پاکستان اور پرتگال کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور۔ دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، آبی انتظام، آئی سی ٹی، بلیو اکانومی، گرین ٹیکنالوجیز اور روزگار کے مواقع میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

126
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):پاکستان اور پرتگال کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دورمیں دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اظہار اطمینان اوردو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور زراعت، پانی کے انتظام، آئی سی ٹی، بلیو اکانومی، گرین ٹیکنالوجیز اور پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور پرتگال کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا تیسرا دور 13 اپریل 2023 کو لزبن میں منعقد ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ)سفیر محمد سلیم نے کی جبکہ پرتگالی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل فارن پالیسی وزارت خارجہ روئی ونہاس نے کی۔ ایجنڈے میں مشترکہ دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل بشمول علاقائی سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور کثیرالجہتی فورم پر تعاون پر بات چیت شامل تھی۔

دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی سود مند تعاون کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور زراعت، پانی کے انتظام، آئی سی ٹی، بلیو اکانومی، گرین ٹیکنالوجیز اور پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اسلام آباد میں ہونے والے آئندہ اجلاس کے ساتھ سیاسی مشاورت کے باقاعدہ اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا جس کے لیے پرتگالی وفد باہمی اتفاق کی تاریخوں پر پاکستان کا دورہ کرے گا۔