پاکستان اور چین نے سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر تعاون کے5 دستاویزات پر دستخط کردیئے

142

اسلام آباد ۔ 26 مئی (اے پی پی) پاکستان اور چین نے سی پیک کے تحت باہمی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے مختلف منصوبوں پر تعاون کے5 دستاویزات پر دستخط کئے ہیں ۔ دستخط کی تقریب یہاں اسلام آباد میں منعقد ہوئی ،وزیراعظم عمران خا ن اور چین کے نائب صدر وانگ کشان دستخط کی تقریب میں موجود تھے ۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،وفاقی وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار،مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدلخفیظ شیخ اور چینی وفد بھی موجود تھا۔یہ تقریب چین کے نائب صدر وانگ کشان کے تین دن کے دورے کا حصہ ہے جو اعلی سطحی وفد کے ہمراہ اتوار کو یہاں پہنچے ہیں۔ دونوں ممالک نے زرعی معاونت پر ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے۔ چینی نائب وزیر ژانگ تاولن اور وزارت فوڈ سیکورٹی کے سیکرٹری ڈاکٹر محمد ہاشم پوپلزئی نے معاہدے پردستخط کئے۔ ایف ایم ڈی فری زون جس میں چین کی جنرل ایڈمنسٹرین کسٹم اور اینیمل کوارنٹائن ڈیپارٹمنٹ برائے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی و ریسرچ پاکستان کے درمیان ویکسینیشن کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان میں چین کے سفیر یاﺅ جنگ اور ڈاکٹر ہاشم پوپلزئی نے دستاویزات پر دستخط کئے۔ پاکستان چین اکانومک کارپوریشن ایگریمنٹ پر چین کے نائب وزیر ڈینگ بوکنگ اور پاکستان کے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ چینی نائب وزیر ڈینگ بوکنگ اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے ایک باہمی تبادلہ کی یادداشت پر بھی دستخط کئے۔ دونوں دوست ممالک نے سی ایم ای سی اور حکومت بلوچستان اور لسبیلہ میں جدید زرعی جامع ڈیولپمنٹ لسبیلہ یونیورسٹی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ دستاویزات پر دستخط چین کے سی ایم ای سی کے نائب صدر اورلسبیلہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر دوست محمد بلوچ اور گورنر بلوچستان کے پی ایس نے کئے۔