24.7 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان اور چین کی لازوال دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی...

پاکستان اور چین کی لازوال دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی روشن ضمانت ہے، فاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی

- Advertisement -

اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی روشن ضمانت ہے، چین اور پاکستان کی دوستی ہر میدان میں مثالی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد اور انسٹی ٹیوٹ فار کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر، کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا بیجنگ کے اشتراک سے ’’پاکستان-چین مثالی دوستانہ تعلقات: خطاطی کے آئینے میں‘‘ کے عنوان سے ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا آغاز چین اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا۔ قاری ذیشان حیدر نے تلاوت قرآن کریم کی سعادت حاصل کی۔ تقریب کی صدارت وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض نیّرنواز خان نے انجام دیئے۔ انسٹی ٹیوٹ فار کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر خالد تیمور اکرم نے استقالیہ کلمات ادا کیے۔ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے خطاطی نمائش کا افتتاح کیا۔ وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی روشن ضمانت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کی تقاریب اور نمائشیں عوامی و ثقافتی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں، چین اور پاکستان کی دوستی ہر میدان میں مثالی ہے۔

اس موقع پر ڈین انسٹی ٹیوٹ فار کمیونٹی ود شیئرڈ فیوچر، کمیونیکیشن یونیورسٹی آف چائنا بیجنگ پروفیسر ڈاکٹر لی ہائولیی اینگ نے خصوصی ویڈیو پیغام کے ذریعے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی خطے اور دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہے، خطاطی محض ایک فن نہیں بلکہ یہ دلوں کو جوڑنے اور تہذیبی رشتوں کو مستحکم کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی یونیورسٹیاں پاکستانی تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد میں ’’پاکستان-چین مثالی دوستانہ تعلقات: خطاطی کے آئینے میں‘‘ کے موضوع پر خطاطی نمائش کو دونوں دوست ملکوں کے نوجوانوں اور فنون لطیفہ سے متعلق لوگوں کوقریب لانے کے لیے بہت اہم اقدام قرار دیا اور اس کی تعریف کے ساتھ ساتھ ایسی تقاریب کے انعقاد پر زور دیا۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفارت خانہ کے سیاسی و پریس قونصلر وانگ شانگ جی نے چین کی نمائندگی کی اور اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات خطے میں امن، تعاون اور ترقی کی ایک روشن مثال ہیں۔ ایسی تقاریب سے ان میں مزید وسعت آئے گی۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ اردو نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز ڈاکٹر عابد سیال جو کہ چین میں یونیورسٹی میں دو سال تک اردو پڑھاتے رہے ہیں، نے تقریب اور خطاطی کی نمائش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب سے دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔

- Advertisement -

چیئرمین امپلی مینٹیشن ٹریبونل فار نیوز پیپر ایمپلائز اسلام آباد شاہد محمود کھوکھر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور پاکستان-چین تعلقات کو خطے کی امن و ترقی کے لیے کلیدی قرار دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی کاشکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تقریب کی صدارت اور خطاطی نمائش کا افتتاح کرکے عزت افزائی فرمائی۔ نیز انہوں نے شاہد محمود کھوکھر، ڈاکٹر عابد سیال، چین کے سفارت خانہ کے سیاسی و پریس قونصلر وانگ شانگ جی اور دیگر تمام شرکائے تقریب کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد کے شعبہ خطاطی سے تربیت یافتہ طلبہ کے فن پاروں کو شامل کیا گیا جس میں انہوں نے خطاطی اور آرٹ کے ذریعے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور دونوں ممالک کی مثالی دوستی کو خوبصورت خطوط رنگوں میں اجاگر کیا۔ تقریب کے آغازسے قبل وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر شجر کاری مہم کے تحت وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی، ڈائریکٹر جنرل اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ادارہ فروغ قومی زبان نے ادارے کے سبزہ زار میں پودے لگائے۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے وفاقی وزیر اور وانگ شانگ جی کوپھول پیش کیے اور اس کے بعد تمام شرکا کا صدر تقریب اور مہمان خصوصی کے ساتھ یادگاری گروپ فوٹو بنایا گیا۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں