
اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ادارہ برائے حقوق ملکیت دانش (آئی پی او) اور چین کے سرکاری ادارہ برائے حقوق ملکیت دانش (ایس آئی پی او) نے مفاہمت کی یادداشت کے مسودہ پر اتفاق کیا ہے جس پر کابینہ کی منظوری کے بعد دستخط ہوں گے۔ حقوق ملکیت دانش کے چینی اور پاکستانی ادارہ کو پیشگی طورپر ایک دوسرے سے مشاورت کرنی چاہئے تاکہ پاکستان اور چین کا حقوق ملکیت دانش کے عالمی ادارہ میں موقف ایک جیسا ہو۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں چینی وفد کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہی جس کی قیادت سٹیٹ انٹیلیکچول پراپرٹی آرگنائزیشن کے ڈپٹی کمشنر ذہی من کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزارت تجارت کے سیکرٹری عظمت علی رانجھا اور پاکستانی ادارہ برائے حقوق ملکیت دانش کے چیئرمین شاہد راشد بھی موجود تھے۔ وفد کے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ پاکستان چین کے تجربہ سے سیکھنا چاہے گا خاص طور پر تجارتی اشیاءکی پیٹنٹ رجسٹریشن اور معائنہ چین سے سیکھنا چاہتے ہیں۔