پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ، حکومت سرمایہ کاری اور جدت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، قیصر احمد شیخ

وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک کی مشترکہ ترقی، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو نئی جہت مل سکتی ہے

اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک کی مشترکہ ترقی، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو نئی جہت مل سکتی ہے۔وہ گلوبل سائوتھ انوویشن اینڈ انویسٹمنٹ سمٹ 2026 سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی غیر معمولی معاشی ترقی مستقل اور تسلسل کے ساتھ اپنائی گئی پالیسیوں، موثر منصوبہ بندی اور اجتماعی فیصلوں کا نتیجہ ہے جس سے پاکستان بھی رہنمائی حاصل کر سکتا ہے، حکومت سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور ملک کی تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، اختراعی سوچ اور عصر حاضر کی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ قومی معیشت میں موثر کردار ادا کر سکیں۔

ا ن کا کہنا تھا کہ برآمدات میں پائیدار اضافے کے لیے ویلیو ایڈیشن ناگزیر ہے، خام مال کی برآمد کے بجائے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری سے نہ صرف ملکی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ عالمی منڈیوں میں پاکستان کی مسابقت بھی بہتر ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ ملک میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے متحرک کردار ادا کر رہا ہے، حکومت غیر ضروری قواعد و ضوابط کے خاتمے، کاروباری آسانیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید شفاف اور موثر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کے لیے بھی سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکیں اور ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔قیصر احمد شیخ نے کہا کہ معیشت کی تیز رفتار ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور عوام کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے درمیان موثر ہم آہنگی ہی پائیدار اقتصادی ترقی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سرمایہ کاری، جدت، ٹیکنالوجی کے فروغ اور اقتصادی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو علاقائی اور عالمی سطح پر پرکشش سرمایہ کاری کی منزل بنانے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔