
اسلام آباد ۔ 08 نومبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے اپنے سرکاری دورہ چین کے دوران چین کے وزیر برائے سپر ویژن اینڈ انسپکشن ہوآنگ شکشیان کے ہمراہدونوں ملکوں کے درمےان بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق امور میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ فریقین نے دوطرفہ اجلاس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے جو کہ عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورہ پر ہیں، کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بدعنوانی کے خاتمہ سے متعلق امور میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے تناظر کے علاوہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کو شفاف اور بد عنوانی سے پاک ماحول کی فراہمی کو ےقینی بنانے میں مدد ملے گی اور اس سے دونوں ممالک بدعنوانی کے خاتمہ میں ایک دوسرے کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھا ئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا حقیقی دوست ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان طویل المدتی تعلقات کو باہمی حمایت حاصل ہے، دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون سے بدعنوانی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔