اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مشترکہ مفادات کسی بھی قسم کی سیاست سے بالاتر ہیں، دونوں ملکوں کے پارلیمان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرتے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو چین۔پاکستان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر چینی سفارتخانہ کی جانب سے انعقاد کردہ آن لائن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر اس طرح کی تقریب کے انعقاد پر چینی سفارتخانہ مبارکباد کا مستحق ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے چینی صدر شی جن پنگ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اُ ن کے اس موقع پر دلی پیغام پرشکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ 21 مئی 1951 پاکستانی تاریخ بہت اہم دن ہے، اسی دن پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے، پاکستان ہمیشہ سے ہر طرح کے حالات میں اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے دوستی ہمیشہ سے پاکستانی خارجہ پالیسی کا مرکزی جُزو رہا ہے، چین اور پاکستان صرف پڑوسی ہی نہیں بلکہ بہترین دوست ملک بھی ہیں، پاکستان اور چین جیسی دوستی کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مشترکہ مفادات کسی بھی قسم کی سیاست سے بالاتر ہیں، پاک چین دوستی صدیوں پرانی راہداریوں، تاریخی ثقافتی تعلقات پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلا اسلامی ملک تھا جس نے چین کو تسلیم کیا، پاکستان اور چین بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ حکمت عملی ساتھ چلتے آرہے ہیں، دونوں ملکوں کے پارلیمان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہِ قراقرم، جے ایف 17 تھنڈر، خلائی ٹیکنالوجی میں تعاون اور سی پیک جیسے منصوبے دونوں ملکوں کی مشترکہ کوششوں سے ہی کامیابی سے ہمکنار ہوئے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کے سی پیک پوری دنیا کے لئے ایک مثالی منصوبے کے طور پر اُبھرے اور ترقی نئے راستے دریافت کرنے کا باعث بنے، پاک چین تعلقات دونوں ملکوں کی عوام کے درمیان خیر سگالی کے جذبے سے بھرپور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی چین نے اپنے آپ کو پاکستان کا بہترین ساتھی ثابت کیا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ سال 2021 دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کی سات دہائیوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ آخر میں چیئرمین سینیٹ نے چینی عوام کے لئے محبت اور دوستی کا پیغام دیا اور کہا کہ پاکستان اور چین مل کر خطے میں امن اور ترقی کے لئے مزید کام کر سکتے ہیں۔