اسلام آباد ۔ 8 ستمبر (اے پی پی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیری ایک ہیں اور کبھی جدا نہیں ہوں گے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمارے دل اکٹھے دھڑکتے ہیں، ہمارے احساسات مشترک ہیں اور ہم مل کر جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا واضح طور پر دیکھ سکتی ہے کہ غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جارحیت مودی حکومت ہندوتوا کی ناکامی کی عکاسی ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ٹویٹ کے آخر میں کہا کہ انشاء اﷲ کشمیر ضرور آزاد ہو گا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ کے ساتھ ایک ٹویٹ کو ٹیگ کیا جس میں پاکستان کے یوم دفاع کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر کے ساتھ ان کا فرمان چھاپا گیا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اس کے علاوہ صدر ڈاکٹر عارف علوی کی تصویر کے ساتھ ایک پوسٹر ہے جس پر تحریر ہے کہ ہم اہل جموں و کشمیر کیلئے ہر قربانی دیں گے، ہر سطح تک جا کر، وہ ہمارے جسم کا حصہ ہیں، ہم ان کے ساتھ غم و رنج میں برابر کے شریک ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی تصویر کے ساتھ پوسٹر شائع کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم کا جموں و کشمیر کیلئے ہر سطح پر ہر قسم کا تعاون کریں گے، کا پیغام شائع کیا گیا ہے۔