اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور کوریا کے باہمی تعلقات مثالی ہیں۔ منگل کو پی پی پی کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق شمالی کوریا کے قونصلر جنرل پاک جونگ ہنک نے سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی سید نیئر حسین بخاری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے باہمی تعلقات مثالی ہیں، دونوں ممالک کے بہترین تعلقات دونوں ممالک کے عوام سے عوام کی دوستی تک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات کی بنیاد رکھی ، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے تعلقات کو مزید مضبوط کیا،
پاکستان اور کوریا کیساتھ سفارتی و تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔ اس موقع پر شمالی کوریا کے قونصلر جنرل پاک جونگ ہنک نے کہا کہ کوریا میں حکومت اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستانی ہنرمند کوریا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔