پاکستان اور گھانا کے درمیان پہلی دوطرفہ سیاسی مشاورت کا انعقاد، دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):پاکستان اور گھانا نے پہلی دوطرفہ سیاسی مشاورت کا گھانا میں انعقاد کیا جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ منگل کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ حامد اصغر خان نے کی جبکہ گھانا کی جانب سے وزارتِ خارجہ کی چیف ڈائریکٹر خدیجہ ادریسو نے وفد کی …

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):پاکستان اور گھانا نے پہلی دوطرفہ سیاسی مشاورت کا گھانا میں انعقاد کیا جو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔ منگل کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ حامد اصغر خان نے کی جبکہ گھانا کی جانب سے وزارتِ خارجہ کی چیف ڈائریکٹر خدیجہ ادریسو نے وفد کی سربراہی کی۔

مشاورت کے دوران دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ایک مفاہمتی یادداشت دوطرفہ سیاسی مشاورت سے متعلق تھی جبکہ دوسری اسلام آباد کی فارن سروس اکیڈمی اور گھانا فارن سروس انسٹی ٹیوٹ کے درمیان طے پائی۔ بات چیت کے دوران فریقین نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی، سیاحتی، ثقافتی، صحت، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور باہمی مفاد کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔ پاکستان اور گھانا کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات قائم ہیں۔ ادارہ جاتی مکالمے کا یہ عمل مزید بامقصد اور منصوبہ جاتی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔