اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):پاکستان اور یورپین یونین نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون اور روابط مزید بڑھانے پر اتفاقِ کیا ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق پاک یورپین یونین سٹریٹجک ڈائیلاگ کا پانچواں مرحلہ بدھ کو ویڈیو کانفرنس کے زریعے منعقد ہوا۔اجلاس کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق یورپی یونین کے اعلی نمائندہ برائے خارجہ امور و سلامتی اور یورپی کمیشن کے نائب صدر جوزف بورریل یورپین وفد جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے تھے۔ اجلاس کے دوران انہوں نے جون 2019 میں طے پانے والے اسٹریٹجک انگیجمنٹ منصوبے اورپاک یورپین تعلقات میں پیشرفت اور منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اعلی نمائندے بورریل نے پاکستان اور یورپی یونین کے مابین سلامتی کے سلسلے میں جاری تعاون کا جائزہ لیا۔ یورپی یونین نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ایکشن پلان پر عمل درآمد میں پاکستان کی پیشرفت کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان میں کوویڈ 19 وبائی مرض سے نمٹنے میں مدد کے لئے یورپی یونین کی 150 ملین یورو کی مالی امداد کو تسلیم کیا جبکہ یورپی یونین نے کوویڈ 19 کے باعث پروازوں میں خلل کی وجہ سے پھنسے ہوئے یورپی یونین کے شہریوں کی وطن واپسی میں پاکستان کے تعاون کو سراہا ۔ فریقین نے وبائی امراض کے معاشرتی اور معاشی اثرات کو مزید کم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور ترقی پذیر ممالک کے لئے بین الاقوامی قرضوں میں ریلیف کی اہمیت کو تسلیم کیا۔جوزف بوریل اور وزیر خارجہ نے جی ایس پی + ترجیحی تجارتی اقدام پر عملدرآمد کے حوالے سے مضبوط سیاسی عزم کا اظہار کیا ، جس کے ذریعے یورپی یونین ان ممالک کے لئے کسٹمز ڈیوٹیز میں نمایاں کمی لاتا ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے بعض ممبر ممالک میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا جس نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ اعلی نمائندے بوریل نے یورپ میں حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں فریقوں نے بے گناہ لوگوں کے قتل کی مذمت کی اور انسانی حقوق کو مضبوط بنانے اور بنیادی آزادیوں کے تحفظ اور بین المذاہب ہم آہنگی ، مذہبی رواداری اور بقائے باہمی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔یورپی یونین نے مائیگریشن اور پناہ سے متعلق اپنے نئے معاہدے کے بارے میں آگاہ کیا۔ یورپین یونین کے اعلی نمائندے بورریل اور وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے اپنے باہمی تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔فریقین نے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا اور افغانستان کے بارے میں مشترکہ اعلامیہ پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے یورپی یونین وفد کو خطے میں حالیہ پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں اور متنازعہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا۔ اعلی نمائندے بورریل نے کہا کہ یورپی یونین مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری نظر رکھتی ہے۔ انہوں نے تعمیری، سیاسی اور سفارتی بات چیت کے ذریعہ تناؤ کو ختم کرنے اور تنازعہ کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔