پاکستان اور یونان کا باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے یونان کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور یونان نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ بدھ کو وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے یونان کے سفیر ایندریاس پاپاس تائورو ایندریا س نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق یونانی سفیر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بڑی تعداد میں یونان میں مقیم ہیں، دونوں ممالک میں حکومتی سطح پر اچھے تعلقات موجود ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائی میں تعاون کے شکر گزار ہیں۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی واپسی کے لئے خصوصی طیارے کو پاکستان لانے کے لئے فوری کارروائی کی، یہ اقدامات باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کئے جا رہے ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے مسئلہ کے حل کے لئے تمام ممکن انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ یونانی سفیر نے وزارت داخلہ اور پاکستان کی جانب سے تعاون کا خیرمقدم کیا۔ کورونا صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ کورونا وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ یونانی سفیر نے کہا کہ سیاحت پر انحصار کی وجہ سے یونان کا بھی معاشی نقصان ہوا ہے۔ یونانی سفیر نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کو یونان آنے کی دعوت دی۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہوتے ہی اس پر غور کریں گے۔ ملاقات کا اختتام اس عہد کے ساتھ ہوا کہ آنے والے دنوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔