پاکستان اور یوکرین کے درمیان ثقافت و ورثہ کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگ زیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پاکستان، یوکرین کے ساتھ ثقافت، ادب اور ورثے کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی روابط اور ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔وہ منگل کے روز یوکرین کے سفارتخانے کی فرسٹ سیکرٹری …

اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگ زیب خان کھچی نے کہا ہے کہ پاکستان، یوکرین کے ساتھ ثقافت، ادب اور ورثے کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی روابط اور ثقافتی سفارت کاری کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔وہ منگل کے روز یوکرین کے سفارتخانے کی فرسٹ سیکرٹری مس اوکسانا پتریایوا سے ملاقات کر رہے تھے، جنہوں نے پاکستان میں یوکرینی ورثہ، ادب اور فنون متعارف کرانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔

مس پتریایوا نے نیشنل لائبریری آف پاکستان میں یوکرینی بک کارنر قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ پاکستانی عوام کو یوکرین کے ادب، ثقافت اور تاریخ سے روشناس کرایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے، یہاں کے لوگ نہایت خوش اخلاق ہیں، اور ہمیں ہمیشہ پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی حمایت حاصل رہی ہے۔وزیر نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک فوکل پرسن تعینات کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان پہلے سے موجود ثقافتی، ادبی اور ورثے سے متعلق معاہدوں کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔اورنگ زیب خان کھچی نے یوکرین کو لوک ورثہ کے سالانہ لوک میلہ میں پویلین قائم کرنے کی دعوت دی، تاکہ یوکرینی کھانوں، دستکاری اور فنون کو براہِ راست عوام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور کی گیلریاں بھی یوکرینی نمائشوں کے لیے دستیاب ہوں گی۔

فرسٹ سیکرٹری پتریایوا نے پاکستان میں یوکرینی فنکاروں، فلموں اور ثقافتی شوز پیش کرنے کی خواہش ظاہر کی اور کہا کہ وہ موہنجو داڑو اور ہڑپہ کے تاریخی مقامات کا دورہ کرنے کی بھی خواہش مند ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے اور تمام متعلقہ ادارے یوکرینی ثقافتی سرگرمیوں کے لیے دستیاب ہوں گے ۔ ملاقات میں دونوں فریق اس بات پر متفق ہوئے کہ ثقافتی تعاون کو تیز کیا جائے اور ورثے کی بنیاد پر نئے منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ پاکستان اور یوکرین کے تعلقات مزید مضبوط ہوں۔

مزید خبریں