پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور پاکستان سٹیٹ آئل کا ایندھن کی فراہمی کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کا معاہدہ

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور پاکستان سٹیٹ آئل کا ایندھن کی فراہمی کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کا معاہدہ

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) اور پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) نے پی ایس او فلیٹ کارڈز کی فراہمی اور پی اے ای سی کو رعایتی نرخوں پر پٹرولیم، تیل اور لبریکینٹس (پی او ایل) کی متواتر سپلائی کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

جمعہ کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن سے جاری بیان کے مطابق معاہدے میں دو اہم شعبوں پی ایس او فلیٹ کارڈز کی فراہمی اور پٹرول و لبریکینٹس کی رعایتی نرخوں پر فراہمی کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اس معاہدے سے ایک قابل بھروسہ، ہموار اور موثر ایندھن کی فراہمی کے طریقہ کار کو یقینی بناتے ہوئے پی اے ای سی کو آپریشنل اور مالی فوائد میسر ہونے کی امید ہے۔

یہ معاہدہ پی اے ای سی اور پی ایس او کے درمیان ساڑھے چار دہائیوں پر محیط پیشہ ورانہ تعلقات کو مضبوط تر بنانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ یہ معاہدہ تجارتی انتظام کے ساتھ ساتھ کارکردگی، شفافیت، معیشت اور باہمی فائدہ مند تعاون کے لیے مشترکہ عزم کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔