پاکستان اپنی مصنوعات کا معیار بڑھا کر برآمدات کو فروغ دینے کے لئے پوری طرح تیارہے،صدرڈاکٹرعارف علوی کاورلڈ ایکریڈیٹیشن ڈےکےموقع پرپیغام 

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر اظہار افسوس

اسلام آباد۔ 09جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایکریڈیٹیشن فورم کے رکن کی حیثیت سے تحقیق اور ٹیکنالوجی کو بہتر بناتے ہوئے بین الاقوامی معیارات اور ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق اپنی مصنوعات کے معیار کو بڑھا کر برآمدات کو فروغ دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے،

پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل کے ساتھ رجسٹریشن سے ملکی مصنوعات اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں میں ان کی قبولیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ ایکریڈیٹیشن ڈے (09 جون 2022) کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایکریڈیٹیشن فورم کا رکن ہونے کی حیثیت سے تحقیق اور ٹیکنالوجی کو بہتر بنا کر اور بین الاقوامی معیارات اور ریگولیٹری تقاضوں کے مطابق اپنی مصنوعات کے معیار کو بڑھا کر اپنی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل (پی این اے سی) کو بین الاقوامی ایکریڈیٹیشن فورم (آئی اے ایف) کے ساتھ مل کر”اقتصادی ترقی اور ماحولیات میں پائیداری” کے موضوع پر ورلڈ ایکریڈیٹیشن ڈے منانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جس کا مقصد لیبارٹریوں، حلال سرٹیفیکیشن کے اداروں اور دیگر سرٹیفیکیشن تنظیموں کو پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل کے ساتھ رجسٹریشن کے بارے میں آگاہی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس رجسٹریشن سے ان کی مصنوعات اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں میں ان کی قبولیت کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو یہ بھی مشورہ دیتا ہوں کہ وہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ماحول دوست اصولوں اور پائیدار پیداواری طریقوں کو اپناتے ہوئے تیزی سے ختم ہونے والے قدرتی وسائل کا محتاط استعمال کریں تاکہ قومی وسائل اور ماحول کو محفوظ رکھتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کے مقاصد حاصل کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام متعلقہ پاکستانی اداروں پر زور دیتا ہوں کہ وہ پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل کے ساتھ اپنی رجسٹریشن کو یقینی بنائیں اور اپنے حریفوں پر مسابقتی فائدہ حاصل کرنے کے لیے قومی، علاقائی اور بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی تسلیم شدہ مصنوعات کو پورے اعتماد کے ساتھ مارکیٹ کریں۔