پاکستان بزنسز فورم کے نائب صدر احمد جواد کی وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد‎‎

182

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):پاکستان بزنسز فورم (پی بی ایف) کے نائب صدر اور وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت کے سابق چیئرمین احمد جواد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کو پاکستان کا 23 واں وزیر اعظم منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہینتی پیغام میں کہا ہے کہ بطور وزیر اعظم محمد شہباز شریف ملک کو درپیش مختلف چیلنجز سے چھٹکارا دلائیں گے۔

منگل کو "اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احمد جواد نے پی بی ایف کی جانب سےمحمد شہباز شریف کو ملک میں کاروبار دوست پالیسیوں کی تیاری اور کاروباری ماحول کی ترقی اور بہتری کیلئے ہر طرح کے ممکنہ تعاون کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی اور کاروباری پالیسیز کا براہ راست اثر کاروبار پر پڑتا ہے۔

انہوں اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنی نئی ذمہ داریوں میں کامیاب ہوں گے اور "اکنامک پاکستان” کے خواب کو حقیقت کا روپ دیں گے۔ احمد جواد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کسی بھی وژن کو عملی شکل دینے کی بھر پور صلاحیتوں کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نہ صرف ماضی میں اپنے تزویراتی وژن کے باعث پنجاب کو نمایاں ترقی دی اور وہ ملک کو دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی دلانے کی بھر پور صلاحیتیں بھی رکھتے ہیں۔

احمد جواد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ محمد شہباز شریف کی مثالی کارکردگی کی ترقی پذیر دنیا میں مثال نہیں ملتی اور میں نے ترقی پذیر ممالک میں کوئی ایسا لیڈر نہیں دیکھا جو شہباز شریف کی طرح اپنے وژن کو عملی جامہ کی صلاحیتوں کا حامل ہو۔