پاکستان بمقابلہ میانمار فٹ بال میچ، ہم مستقبل کی ٹیم تیار کر رہے ہیں، ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو

پاکستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے اے ایف سی ایشین کپ 2027 کے کوالیفائنگ رائونڈ میں میانمار کے خلاف اہم مقابلے سے قبل ٹیم کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم مستقبل کی کامیابیوں کے لیے مضبوط بنیادیں استوار کر رہی ہے۔

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):پاکستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے اے ایف سی ایشین کپ 2027 کے کوالیفائنگ رائونڈ میں میانمار کے خلاف اہم مقابلے سے قبل ٹیم کی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم مستقبل کی کامیابیوں کے لیے مضبوط بنیادیں استوار کر رہی ہے۔میچ سے قبل باضابطہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نولبرٹو سولانو نے کہا کہ میانمار ایک مضبوط حریف ہے جس نے حالیہ میچوں میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے تاہم پاکستانی کھلاڑی اس چیلنج کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سال 2026 پاکستانی فٹ بال کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے جہاں مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا بھرپور موقع دیا جا رہا ہے۔

سولانو کا کہنا تھا کہ سکواڈ میں مقامی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کو شامل کرنا ایک سوچی سمجھی حکمت عملی ہے تاکہ انہیں بین الاقوامی تجربہ حاصل ہو سکے۔ کپتان عالمگیر غازی نے بھی ہیڈ کوچ کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور کھلاڑی آخری سیٹی بجنے تک میدان میں مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے ٹیم میں اتحاد اور نظم و ضبط کو کامیابی کے لیے ضروری قرار دیا۔ہیڈ کوچ نے ٹریننگ کے دوران چند کھلاڑیوں کے زخمی ہونے پر تشویش کا اظہار کیا لیکن کہا کہ بین الاقوامی فٹ بال کی شدت کے باعث ایسے مسائل کھیل کا حصہ ہیں۔

انہوں نے سمندر پار مقیم کھلاڑیوں کے بجائے مقامی کھلاڑیوں کو ترجیح دینے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ٹیلنٹ کو نکھارنا ان کی ترجیح ہے۔سولانو نے اس بات پر زور دیا کہ وہ پاکستان فٹ بال کی ایک ایسی پہچان بنانا چاہتے ہیں جہاں حریف ٹیمیں پاکستان کو ایک آسان حریف نہ سمجھیں،اگرچہ یہ میچ شائقین کے بغیر (بند دروازوں کے پیچھے) کھیلا جائے گا لیکن کوچ اور کپتان دونوں کا ماننا ہے کہ ٹیم کی توجہ صرف اور صرف بہترین کارکردگی اور طویل مدتی ترقی پر مرکوز ہے۔