پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے ، ناظم الامور آفتاب حسن خان کا نئی دہلی میں گولڈن جوبلی کی تقریب سے خطاب

نئی دہلی۔14اگست (اے پی پی):بھارت میں پاکستان کے ہائی کمیشن نئی دہلی میں ناظم الامور آفتاب حسن خان نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے تاہم جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے ضروری ہے کہ جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے، پاکستانی قوم کو یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آزادی کسی بھی قوم کے لئے ایک عظیم اور انمول نعمت ہے۔

ان خیالات کا اطہار انہوں نے اتوار کو پاکستان کی یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں پاکستان کی آزادی کی75 ویں سالگرہ قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منائی گئی، چانسری لان میں منعقدہ پروقار پرچم کشائی کی تقریب میں ناظم الامور آفتاب حسن خان نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ تقریب میں ہائی کمیشن کے افسران اور عملہ کے دیگر ارکان نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی۔

اس موقع پر ملک کے75 ویں یوم آزادی پر صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ناظم الامور آفتاب حسن خان نے پاکستانی قوم کو اس پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی اور اس بات پر زور دیا کہ آزادی کسی بھی قوم کے لئے ایک عظیم اور انمول نعمت ہے۔ ناظم الامور نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد ریاست کے قیام کے لئے تاریخی جدوجہد کرنے پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے دیگر عظیم رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ناظم الامور آفتاب حسن خان نے کہا کہ آج پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے، پاکستانی ایک متحرک قوم ہے جو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، ہماری بہادر مسلح افواج ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے پیش پیش ہیں۔ ناظم الامور آفتاب حسن خان نے کہا کہ گزشتہ 75 سال اس بات کے گواہ ہیں کہ پاکستان نے سنگین چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے زندگی کے تمام شعبوں میں شاندار ترقی اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور ترقی کے لئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔

ناظم الامور آفتاب حسن خان نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے اور اس سے باہر امن کا خواہاں ہے۔ آفتاب حسن خان نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے تاہم جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے ضروری ہے کہ جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن سکول کے طلبا نے ملی نغمے پیش کئے اور قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے تقاریر کیں۔تقریب کے اختتام پر ناظم الامور کی اہلیہ مسز ارم گیلانی نے ہائی کمیشن سکول کے طلبا اور اساتذہ میں انعامات اور تحائف تقسیم کئے۔اس موقع پر ناظم الامور نے اپنی اہلیہ اور ہائی کمیشن کے دیگر افسران کے ہمراہ پاکستان کی سالگرہ کا خصوصی کیک بھی کاٹا۔