پاکستان بہت جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہونے والا ہے،بیرون ملک مقیم سرمایہ کارملک میں سرمایہ کاری کریں ،وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز

120
Gohar Ijaz
Gohar Ijaz

کراچی۔ 31 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ، تجارت، صنعت، سمندر پار پاکستانیز و سرمایہ کاری ڈاکٹر گوہر اعجاز نے بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے کے لیے تیار ہے، اس سے سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے بدھ کواوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ موقع سے فائدہ اٹھائیں پاکستان بہت جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہونے والا ہے۔نگراں حکومت نے اپنے مختصر دور میں جامع اور بنیادی اقدامات کیے۔کرنسی کی قدر میں کمی کے مسئلے پر قابو پایا گیا، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال سے نمٹا گیا، اسمگلنگ کو روکا گیا ،

انہوں نے مزید کہا کہ سات ماہ میں کیپٹل مارکیٹ اسٹاک ایکسچینج میں 60 فیصد اضافے کے ساتھ مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے اور صرف نان ٹیکسٹائل برآمدات پر توجہ مرکوز کرکے 4 ماہ میں ایک ارب ڈالر کی اضافی برآمدات حاصل کی گئیں۔پاکستان کی برآمدات کا بہت زیادہ انحصار ٹیکسٹائل اور مینوفیکچرنگ پر ہے اور دیگر مصنوعات اور برآمدی متبادل کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ برآمدی متبادل اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر توجہ دیں اور پاکستان میں جدید ترین ٹیکنالوجیز لائیں ،وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت کے پھل اور پھول، سوات کے جواہرات، وزیر آباد کی کٹلری، سیالکوٹ کی کھیلوں کی مصنوعات، گوجرانوالہ کے پمپس اور دیگر کئی مصنوعات ہماری برآمدات میں اربوں ڈالرزکا اضافہ کر سکتی ہیں۔ہماری وزارت ایکسپورٹ پالیسی پر کام کر رہی ہے جس کا تصور مخصوص شعبوں کی برآمدات کو آسان بنانا ہے۔