
اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف احتساب کے نظریئے پر حکومت میں آئی ہے، احتساب سب کے لئے یکساں ہو گا، وزیراعظم عمران خان مافیاز کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم عمران خان نے بڑی حکمت عملی سے کام لیا، وزیراعظم عمران خان نے جس طرح ہر عالمی فورم پر اسلاموفوبیا کے خلاف ڈٹ کر بات کی تاریخ میں کسی مسلم ملک کے لیڈر نے اس طرح بات نہیں کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کے منتخب وزیراعظم ہیں، قوم کے ساتھ خطاب کر کے اصل حقائق سے آگاہ کرنا وزیراعظم کا حق ہے، وزیراعظم عمران خان عوام سے کوئی چیز نہیں چھپاتے اور نہ ہی بند دروازوں کے پیچھے فیصلے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ ناموس رسالتۖ کے حوالے سے کوئی بھی گستاخی کرے، وزیراعظم عمران خان ناموس رسالتۖ کے علمبردار ہیں، وزیراعظم عمران خان ہر عالمی فورم پر کہا کہ ہم ناموس رسالتۖ کے حوالے سے کوئی گستاخی برداشت نہیں کریں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی ایک شق میں لکھا گیا ہے کہ ہم فرانس کے سفیر کو اس صورت ملک سے نکالیں گے جب ہم یہ معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر آئیں گے اور پارلیمنٹ سے اس کی منظوری لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بلا تفریق احتساب پر یقین رکھتی ہے، شوگر سکینڈل کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن بنایا گیا، تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ میں جس جس کا بھی نام آیا ہے ان کا بلاتفریق احتساب ہوگا، ایسا ممکن نہیں ہے کہ اگر تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ میں ہماری جماعت کے کسی بھی شخص کا نام آیا ہو اور ہم اس کو چھوڑ کر باقی لوگوں کا احتساب کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ملک و قوم کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہے، ہم احساس پروگرام کے ذریعے ملک سے غربت کو ختم کرنا چاہتے ہیں، ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت ہم موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انصاف صحت کارڈ کے ذریعے ہم قوم کو صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، حکومت اپنے وژن پر کاربند ہے، اگر وزیراعظم عمران خان کسی بھی شعبے میں بہتری لانے کے لئے مختلف وزارتوں میں تبدیلی کرتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔