اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی واصلاحات اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف وفاق پاکستان کی مقبول اور موثر ترین سیاسی قوت ہے،جھوٹ اور جعلسازی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر برتنے والوں کا حقیقی عوامی مقبولیت سے مقابلہ کریں گے۔
پیر کو پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق بطور مرکزی سیکرٹری جنرل نامزدگی کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عامر محمود کیانی بھی ان کےہمراہ تھے۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی و صوبائی قائدین کے اہم ترین اجلاس کی صدارت کی ۔
اجلاس میں وزیر دفاع و صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور وفاقی وزیر برائےبحری امور و صدرپی ٹی آئی سندھ علی حیدر زیدی ،وفاقی وزیر تعلیم و صدر پی ٹی آئی پنجاب شفقت محمود اور وزیر صنعت و پیداوار و صدر پی ٹی آئی جنوبی پنجاب مخدوم خسرو بختیار نے شرکت کی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و صدر تحریک انصاف بلوچستان قاسم خان سوری بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی تنظیمِ نو اور آئین سازی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی تنظیمی حکمت عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے خدوخال پر بھی بات چیت کی گئی۔مرکزی و صوبائی تنظیموں کے خاکے اور ان کی تشکیل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وفاقِ پاکستان کی مقبول اور مؤثر ترین سیاسی قوت ہے، تحریک انصاف کا کارکن غیر معمولی سیاسی شعور اور قومی تعمیر کے جذبے سے سرشار ہے، مرکز سے ہر سطح پر جماعت کو منظم، کارکنان کو متحرک کریں گے، انہوں نے کہا کہ جھوٹ اور جعل سازی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر برتنے والوں کا حقیقی عوامی مقبولیت سے مقابلہ کریں گے، سیاسی جغادریوں کی ساری غلط فہمیاں مٹائیں گے اور قوم کو ان کی سازش و فساد سے نجات دلوائیں گے۔