پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید کی میڈیا سے گفتگو

178

اسلام آباد ۔ 9 مئی (اے پی پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ملک پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نامی آسیب طاری رہا، ان کی لوٹ مار کی وجہ سے آج عوام مشکلات کا شکار ہیں اور بھگت رہے ہیں، ماضی کی حکومتوں نے اربوں روپے کا ملک کو مقروض کیا، حکومت کی طرف سے بنائی گئی پالیسیوں کے اثرات ایک، دو سال میں ظاہر ہوں گے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ موجودہ حکومت سابقہ حکومت کی جانب سے لیا گیا قرضہ سود سمیت واپس کر رہی ہے جس میں ایک، دو سال لگ جائیں گے جس کے بعد کے اثرات عوام کو ملیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی بڑھی ہے لیکن یہ سابقہ حکومت کا بوجھ ہے جو موجودہ حکومت کو اتارنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے یہ سب ماضی کی حکومتوں کا کیا دھرا ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ملک کا قرضہ 6 ہزار ارب سے بڑھا کر 30 ہزار ارب تک پہنچایا گیا اس کو صحیح کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیاں بننا شروع ہو گئی ہیں ان کے نتائج آئندہ دو سال تک آئیں گے، پہنچنا اسی جگہ میں ہے جس کا وعدہ وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا عمران خان کی تمام پالیسیاں غریب عوام کیلئے ہیں۔